لاہور( این این آئی)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اور لاہور چیمبر کے سابق صدر پرویز حنیف نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری خصوصاًچین پاکستان اقتصادی راہداری سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے پاکستان کو اپنی استعداد کار بڑھانا ہو گی جو فی الوقت نہ ہونے کے برابر ہے ،سی پیک کے تحت
صنعتی زونزکے قیام کو پیش نظر رکھتے ہوئے جدید ہنر مند فورس کی تیاری شروع کی جائے اور اس کیلئے چین سے مدد لی جائے ،سرمایہ کار پاکستان کا رخ توکرے گا لیکن بہترین انفر اسٹراکچر میسر نہ آنے کی وجہ سے وہ واپس چلا جائے گا ۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار وں کو راغب کرنے پر توجہ دینے کیساتھ ساتھ اپنی کمی کوتاہیاں بھی دور کی جائیں ۔ سی پیک ایک سڑک کا نام نہیںبلکہ یہ کئی منصوبوں کی ایک چین ہے اور اگر ہم نے اس سے بھرپور استفادہ کرنا ے تو ہمیں مطلوبہ استعداد کار کیلئے ابھی سے کام شروع کرنا چاہیے ۔ پاکستان میںمختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چائنیز کے ساتھ پاکستانیوں کوبھی شامل کیاجائے تاکہ وہ ان سے سیکھ سکیں اور پھر اپنے لوگوں کو سکھائیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو جدید ہنر مند فورس میں تبدیل کرناہوگا اوراس جانب ابھی تک درست سمت میں پیشرفت نہیں کی جارہی ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کارکسی بھی ملک میں بہترین انفر اسٹر اکچر،ٹرانسپورٹیشن ،سازگارماحول ،امن و امان اور جدید ہنر لیبر فورس کو دیکھتے ہیں اور ہمیں اس حوالے سے سنجیدگی سے اپنا تجزیہ کرنا چاہیے ،ابھی بھی وقت ہے کہ ہم اس جانب عملی اقداما ت شروع کریں جس سے خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغازہوگا۔