لاہور(این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ آئے روز دھرنوں اور جلسے جلوسوں کی وجہ سے مال روڈ اور اس سے ملحقہ تجارتی مراکز میں کاروبار کرنے والے تاجر شدید مشکلات کا شکار ہیں ، مال روڈ کی بندش اور شدید ٹریفک جام کی وجہ سے
خریدار ذہنی اذیت کا شکار ہوتے ہیں اور خریداری کے رجحان میں کمی کی وجہ سے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجروںکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ مال روڈ پر احتجاج کے باعث ملحقہ شاہراہوںپر بھی بد ترین ٹریفک جام ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف مال روڈ پر واقع بلکہ اس سے ملحقہ تمام تجارتی مراکز میں بھی کاروبار بری طرح متاثرہوتا ہے ۔ مال روڈپر احتجاج کے حوالے سے لاہو رہائیکورٹ کاواضح فیصلہ موجود ہے جبکہ حکومت بھی اسے ریڈ زون قراردے چکی ہے لیکن اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ مال روڈ پر آئے روز احتجاج کے باعث تاجروںکے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے اس لئے حکومت اس کیلئے اقدامات کرے اور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مال روڈپر احتجاج او رجلسے جلوسوں کاسلسلہ فی الفور روکاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس کا سختی سے نوٹس لیں او راس حوالے سے حکومت کو سخت احکامات جاری کئے جائیں۔