اسلام آباد (این این آئی)قائد اعظم ٹرافی فور ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے آٹھویں مرحلے کا آغاز (کل) پیر سے ہوگا اور تین میچز مختلف مقامات پر شروع ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے زیر اہتمام میگا ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، ٹورنامنٹ کے 22 ویں میچ میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، سندھ اور سینٹرل پنجاب کی ٹیموں کے درمیان میچ نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں شروع ہوگا جبکہ سدرن پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے
سامنے ہوں گی۔ قائد اعظم ٹرافی فور ڈے ٹورنامنٹ کے سات رائونڈ مکمل ہونے کے بعد سینٹرل پنجاب کی ٹیم 108 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، سدرن پنجاب دوسرے اور خیبرپختونخوا تیسرے نمبر پر ہے۔ سینٹرل پنجاب نے سات میچ کھیل کر تین میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ چار میچز ڈرا کھیلے۔ سدرن پنجاب کی ٹیم 82 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، خیبرپختونخوا 74 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، ناردرن 71 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، بلوچستان 66 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور سندھ 58 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔