کراچی(این این آئی)پاک وطن کے ایک اور سپوت نے بھارت کا ریکارڈ توڑ کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا، کراچی کے 11سالہ ایماز علی ابڑو کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے رہائشی 11 سالہ ایماز علی ابڑو نے دنیا کے نقشے کو دیکھ کر ایک منٹ میں 57 ممالک کے نام بتا دیئے۔ایماز نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ ممالک کے نام لے کر بازی جیت لی۔ اس کارنامے کے بعد ایماز علی ابڑو کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرلیا گیا، اس ساتھ ہی ایماز علی ابڑو
نے بھارتی نوجوان واجو بھالو کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایماز علی ابڑو نے کہا کہ میری کامیابی کا کریڈٹ والدین اور اساتذہ کو جاتا ہے، اس میں میرے والدین کی دعائیں اور اساتذہ کی محنت شامل ہے، اللہ کا شکر ادا کرنا چاہتا ہوں کہ اللہ نے مجھے اتنی عزت دی۔بچے نے کہاکہ مجھے انہوں نے سکھایا کہ کیسے ریکارڈ توڑنا ہے، میرے دادا دادی کی دعاؤں سے اس مقام پر پہنچا ہوں۔ایماز کے والد بھی ورلڈ ریکارڈ پر پر جوش دکھائے دئیے، انہوں نے کہاکہ ایماز نے اس کامیابی سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔