اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نیپرا نے بجلی 2 روپے 37 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی ہے ، اضافہ ستمبر 2019 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیاہے ، فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک ، لائف لائن اور زرعی صارفین پر نہیں ہو گا ۔دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداواری استعداد 35 ہزار 924 میگاواٹ ہے، بجلی کی مجموعی پیداواری استعداد کے 51.53 فیصد کے
مساوی بجلی صوبہ پنجاب میں پیدا کی جا سکتی ہے ۔وزارت توانائی کے اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں 16773.6 میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے جو مجموعی استعداد کے 51.53 فیصد کے برابر ہے جبکہ سندھ کی پیداواری استعداد 7530 میگاواٹ ہے جو مجموعی پیداواری صلاحیتوں کے 19.44 فیصد کے مساوی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 5855.4 میگاواٹ یعنی 14.84 فیصد بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔