اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے آزادی مارچ سے متعلق اپوزیشن سے ہونے والے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن معاہدے پر قائم رہتی ہے تو حکومت بھی پاسداری کریگی۔وزیراعظم عمران خان سے حکومتی مذاکراتی ٹیم اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور پارلیمانی امور پر
تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹیم نے وزیراعظم کو اپوزیشن سے مذاکرات میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن معاہدے پر قائم رہتی ہے تو حکومت بھی پاسداری کریگی، احتجاج میں اسلام آباد کے رہائشیوں کو کسی قسم کا مسئلہ درپیش نہیں ہونا چاہیے۔اسپیکر اسد قیصر نے وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر پر پارلیمانی سفارتکاری سے آگاہ کیا اور پارلیمنٹ میں قانون سازی اور ایوان کے موثر کردار پر بھی بات چیت کی۔اسپیکر نے سیاسی صورت حال اور حزب اختلاف سے رابطوں پر وزیراعظم کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو پیغام دیا ہے امن و امان کی صورت حال پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، کسی بھی قسم کا سیاسی انتشار نہیں پھیلنا چاہیے، اپوزیشن ارکان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے موجودہ میڈیا حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ذاتی ایجنڈے کے بجائے حکومتی پالیسی کا دفاع کیا جائے، حکومتی اقدامات اور پالیسی کو موثر انداز میں اجاگر کیا جائے جب کہ ذاتی ایجنڈے سے حکومت کا غلط تاثر جاتا ہے لہذا نواز شریف کی بیماری کو موضوع نہ بنایا جائے۔