اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف کے علاج پر مامور ڈاکٹرز نے کام کرنے سے انکار کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ان ڈور ہڑٹال جاری ہے جس کی وجہ سے سروسز ہسپتال کے وی آئی پی بلاک میں نواز شریف کے علاج پر مامور ڈاکٹرز کام چھوڑ کر چلے گئے۔
3 شفٹوں میں ڈاکٹرز وی آئی پی بلاک میں نواز شریف کے علاج پر مامور تھے،ڈاکٹرز کے کام چھوڑنے پر میاں نواز شریف کی 24 گھنٹے نگہداشت متاثر ہوئی ہے،سروسز ہسپتال انتظامیہ تاحال کوئی متبادل انتظام بھی نہ کر سکی۔دریں اثنا سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت بدستور ناساز ہے۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز بھی سابق وزیراعظم کے علاج پر مامور میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کا مکمل چیک اپ کیا۔ جس کے فوری بعد سابق وزیراعظم کے دانتوں کی ریفلنگ مکمل کی گئی۔ ریفلنگ کے حوالے سے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے مسوڑھے اور دانت کمزور پڑ رہے تھے۔ میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کا علاج سروسز ہسپتال میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ان کے جسم میں پلیٹ لیٹس کا اتار چڑھائو بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ بدھ کی صبح سابق وزیراعظم کو سروسز ہسپتال کے وی وی آئی پی بلاک سے ڈینٹل وارڈ لے جایا گیا تو نواز شریف اپنے پائو پر چل کر وارڈ تک پہنچے، میڈیکل بورڈ کے سربراہ بھی ان کے ساتھ تھے جبکہ نواز شریف نے حلقے نیلے رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔