اسلام آباد(آن لائن) کرتارپور راہداری منصوبہ، بھارت نے پاکستان کے مسودے پر رضامندی، فی یاتری20ڈالر سروس فیس وصولی کے فیصلے کو تسلیم کر لیا،23اکتوبر کو گراؤنڈ زیرو پر دونوں ملکوں کے مابین معاہدے پر دستخط ہوں گے،
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دنیا بھر میں موجود سکھ کمیونٹی کو مبارکباد، سکھ یاتریوں کیلئے مزید اقدامات کا اعادہ بھی کیا، سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے تقریب میں شرکت کی یقین دہانی کرادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے بالاخر کرتارپور راہداری منصوبے کے پاکستاننی مسودے پر اتفاق کر لیا ہے، بھارت نے فی یاتری20 ڈالر سروس فیس دینے پر بھی رضامندی ظاہر کر دی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے فوکل پرسن23اکتوبر کو گراؤنڈ زیرو پر معاہدے پر دستخط کریں گے، پاکستان کی جانب سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل معاہدے پر دستخط کریں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بھارت کی جانب سے مسودے پر رضامندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ بھارت مان گیا ہے، سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی سکھ برادری کو خوش آمدید کہیں گے آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے مزید اقدامات کریں گے، انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری کی تقریب میں من موہن سنگھ کو دعوت دی ہے من موہن سنگھ نے ہماری دعوت قبول کر لی ہے، سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ تقریب میں ایک عام شہری کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔