لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بیٹیاں اللہ کی رحمت اور بیٹوں کو نعمت قرار دیا جاتا ہے، اس ترقی یافتہ دور اور پڑھے لکھے ہونے کے باوجود اب بھی کچھ لوگ بیٹی کی پیدائش کو اچھا نہیں سمجھتے، جس خاتون کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوتی ہے بعض دفعہ اس کی زندگی اجیرن بنادی جاتی ہے، ایک خاتون کی 8 بیٹیاں تھیں اور اس پر دباؤ تھا کہ بیٹا پیدا ہو، اللہ پاک نے اس خاتون کی سن لی اور اس کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی۔
یہ خبر ٹوئٹر پر ایک ڈاکٹر ایما خان نے دی، انہوں نے کہاکہ اللہ پاک نے ایک مریضہ کو بیک وقت چار بیٹوں سے نواز ا ہے اور اس سے قبل اس کی آٹھ بیٹیاں ہیں، ڈاکٹر نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ اس کے سسرال والے خوشی سے میرے ہاتھوں کو چوم رہے ہیں اور گلے مل رہے ہیں،ڈاکٹر نے کہا کہ میرے لیے معجزوں سے بھرپور ہے اور ایک ڈاکٹر ہونے کی حیثیت سے یہ ایک مبارک کام ہے اور ایسے خوبصورت لمحات کے تجربے سے ڈاکٹر روز گزرتے ہیں۔ڈاکٹرنے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ میرے لئے یہ بہت تکلیف دہ تھا جب مریضہ دباؤ میں تھی اور بار بار پوچھ رہی تھی کہ لڑکا ہے ہے ناں ڈاکٹر، انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین پر لڑکوں کی پیدائش کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے، ڈاکٹر ایما نے کہاکہ لڑکیاں اللہ کی رحمت ہیں، امید ہے ہم لوگ اس بات کو سمجھیں گے بہرحال مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ مریضہ آخر میں بہت خوش تھی۔ خاتون کا تعلق خیبرپختونخوا سے بتایا جا رہا ہے، ڈاکٹر کی جانب سے جب یہ خبر شیئر کی گئی تو ٹوئٹر صارفین نے خاتون کو مبارکباد اور دعاؤں سے نوازا۔ اس خاتون کے ہاں آٹھ بیٹیوں کے بعد بیک وقت چار بچوں کی پیدائش 12 اکتوبر کو ہوئی۔ دوسری جانب ایک اور میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ساہیوال کے نواحی گاؤں 91/6 آر کے رہائشی محمد جاوید کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے تاہم زچہ و بچہ خیریت سے ہیں۔ نومولود میں سے 3 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔جایود کے مطابق ایک ساتھ 4 بچوں کی پیدائش اس کے لیے بہت بڑی خوشی ہے تاہم انتہائی غریب ہونے کی وجہ سے ایک ساتھ 4 بچوں کی پرورش اس کے لیے بہت مشکل ہے، اس کیلئے حکومت سے اپیل ہے کہ اس کی مالی مدد کی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کی بہتر پرورش کرسکے۔