مبقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطینی صدر محمود عباس نے مرکزی الیکشن کمیشن کوملک میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ صدارتی اور پارلیمانی انتخابات چند ماہ کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سماجی رابطوں کی
ویب سائیٹ فیس بک پر صدر عباس کی طرف سے پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ صدر نے حکومت اور تمام متعلقہ اداروں کو انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کی ہدایت کی ہے۔محمود عباس نے اعلان کیا کہ حماس اور تمام تنظیموں کے ساتھ اگلے عام انتخابات کی تیاری کے لیے بات چیت کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے فتح کی سنٹرل کمیٹی اور پی ایل اوکی ایگزیکٹو کمیٹی کے رام اللہ میں ایک اجلاس سے خطاب کہ بہت سے امور پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ ہم حماس اور دوسری جماعتوں سے مزید بات چیت بھی کریں گے۔محمود عباس نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن، حماس ، دیگر تمام تنظیموں کے ساتھ ساتھ اسرائیلی حکام کے ساتھ بھی بات چیت کے لیے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں تاکہ ان کے اعتراضات کو دور کیا جاسکے۔صدر عباس نے عباس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ہم نے وادی اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کے بنجمن نیتن یاھو کے بیان پر بھی غور کیا۔ اگر اسرائیل اپنے اس اعلان پرقائم رہتا ہے تو ہم اسرائیلی ریاست کے ساتھ طے پائے تمام معاہدے ختم کردیں گے۔ ہم انتظار کررہے ہیں اور دیکھ رہے ہیں کہ اسرائیل کیا کرتا ہے۔