اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ریلوے سے متعلق ہر روز ایک سے ایک نیا سکینڈل سامنے آتا رہتا ہے۔کبھی تو کوئی ٹرین کہیں پٹڑی سے اتر جاتی ہے، تو اکثر ملک کے بڑے اسٹیشنز پر ٹرینوں کی آمد و رفت مسلسل متاثر رہتی ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان ریلوے کی ٹرینوں کیلئے ایسے پسنجر ڈبوں کا استعمال کیا جا رہا ہے جن کے باہر ایک ڈیجیٹل ڈسپلے اسکرین نصب ہوتی ہے۔ عمومی طور پر اس ڈسپلے اسکرین پر ٹرین کے مقام آغاز سفر
اور منزل والے شہر کے نام درج ہوتے ہیں۔تاہم سندھ کے شہر روہڑی پر کھڑی پاکستان ریلوے کی ایک ٹرین کے ڈبے کی ڈسپلے پر کچھ ایسا لکھا تھا جو مسافروں کیلئے تفریح کا باعث، جبکہ پاکستان ریلوے کیلئے شرمندگی کا باعث بن گیا۔ ٹرین کے ڈبے کی ڈسپلے پر درج تھا کہ ٹرین کی منزل امریکی شہر لاس اینجلس ہے۔ یہ دیکھنا تھا کہ مسافروں نے تصاویر اور ویڈیوز بنانا شروع کر دیں اور پاکستان ریلوے انتظامیہ کی خوب کلاس لے لی ۔