ریاض (این این آئی)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ آرامکو کا حملہ عالمی سلامتی کے خلاف ایک خطرناک پیش رفت ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے یہ بات گذشتہ روز امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کی۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ آرامکو حملے کے بعد بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک مضبوط اور ٹھوس موقف اختیار
کرنے کی ضرورت ہے۔ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی وزیر دفاع نے سعودی عرب میں امریکی فوجی دستوں کی تعیناتی کے لیے کیے جانے والے انتظامات پربھی تبادلہ خیال کیا۔امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا سعودی عرب دفاع میں مدد کرنے کے لیے جو بھی ضروری ہوا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ایران کی جارحانہ اور انتشارپھیلانے والی پالیسی کو روکنا ہوگا۔