لاہور (آن لائن) لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں 2بھائیوں نے جائیداد کے تنازع پر مبینہ طور پر جوان بہن کو قتل کر دیا۔پولیس رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے بڑے بھائی سجاد سلیم کی مدعیت میں بہن کے قتل کا مقدمہ درج ہوا۔درج ہونے والے قتل کے مقدمہ میں بڑے بھائی سجاد سلیم نے الزام لگایا گیا کہ چھوٹے بھائی وقاص سلیم اور اعجاز سلیم نے اپنی بہن سمیرا سلیم پر مبینہ تشدد کیا ہے اور اسے زہر دے کر قتل کیا ہے۔
ایف آئی آر متن کے مطابق جائیداد کی فروخت کے بعد بہن بھائیوں میں تقسیم پر جھگڑا رہتا تھا ،تاہم ملزم وقاص سلیم اپنی بہن سمیرا سلیم کو اپنے ہمراہ اعجاز کے گھر لے گیا جہاں اسے زہر دیا گیا۔پولیس اور فرانزک کی ٹیموں نے جائے وقوع سے شواہد حاصل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے ،تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔