لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار پارٹی کے صوبائی صدر رانا ثنا اللہ کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے یکجہتی کا اظہار کیا،شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کی اہلیہ کی ہمت کی تعریف کی اور داماد شہریار رانا کی سیاسی جدوجہد کو بھی سراہا۔ شہباز شریف نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں قیادت اور ساری جماعت آپ کے ساتھ کھڑی ہے او رآپ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔شہبازشریف نے رانا ثنااللہ کے اہل خانہ کو مکمل قانونی، سیاسی و اخلاقی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی سیاسی
جدوجہد کو ان کے مخالفین بھی تسلیم کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق پارٹی قائد محمد نواز شریف کی ہدایت پر شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ نواز شریف نے ہدایت کی کہ رانا ثنا اللہ کے اہل خانہ کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔قبل ازیں رانا ثنا اللہ کی اہلیہ، بیٹی، نواسے اور داماد نے کیمپ جیل میں ان سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ اہل خانہ نے دوپہر کا کھانا بھی ان کے ہمراہ کھایا۔ اس موقع پر اے این ایف کے کیس پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اہل خانہ کا کہناتھا کہ رانا ثنا اللہ کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔