کراچی (این این آئی) قومی ائیرلائن پی ائی اے کا مالی بحران سنگین ہو گیا رواں ماہ کے 14 روز گزرنے کے بعد بھی ملازمین کو تنخواہیں نہیں ملیں۔پی آئی اے انتظامیہ نے گزشتہ دنوں ادارے کے منافع میں 40 فیصد اضافہ کا اعلان کیا تھا تاہم ملازمین کی قسمت پھر بھی نہ بدل سکی۔ گریڈ ایک سے 10 تک کسی بھی ملازم کو رواں ماہ تنخواہ نہیں ملی جبکہ پی آئی اے کے ڈیلی ویجز ملازمین بھی تنخواہوں سے محروم ہیں ان خراب معاشی حالات میں پی آئی اے یونین نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کی دھمکی دے دی ہے۔پی آئی اے انتظامیہ کہتی ہے کہ پی آئی اے کے
منافع میں 40 فیصد سے زائد منافع ہو چکا ہے اور مالی حالات بھی گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہیں تو پھر کیا وجہ ہے کہ ہر ماہ تنخواہ میں دو سے تین روز مزید تاخیر کردی جاتی ہے اس کا مطلب تو یہ ہے کہ انتظامیہ غلط بیانی سے کام لے رہی ہے۔ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین معاشی تنگی کا شکار ہوکر ادھار کھانے پر مجبور ہیں۔اس ضمن میں ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کی چھٹیوں کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی۔ کچھ ملازمین کو تنخواہیں ادا کردی گئی ہیں جب کہ دیگر کو پیر تک مل جائے گی۔