لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ہیجان کی کیفیت کسی طو رپر کاروبار اورمعیشت کیلئے سود مند نہیںہے اور اس صورتحال کی بہتری کیلئے فوری اور عملی اقدامات نا گزیر ہیں،فکسڈ ٹیکس ،شاختی کارڈ کی شرط سمیت دیگر معاملات پر حکومت کو بڑے دل کا مظاہرہ کرنا ہوگا ،ملک بھر کے تاجر اپنے موقف پر متحدہیں اور مسلسل رابطوں میں ہیں۔ اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ تمام تاجر تنظیموں کے نمائندوں کی کوشش ہے کہ حکومت سے مذاکرات میں ڈیڈ لاک کی صورتحال پیدا نہ ہو کیونکہ یہ کسی
طور پر بھی ملک کیلئے بہتر نہیں ہوگا۔ متعلقہ وزراء مارکیٹوں کا جائزہ لیں جس سے انہیں اندازہ ہو جائے گا کہ ہیجان کی کیفیت ہے اور اس سے سرمایہ کاری کے رجحان میں کمی آرہی ہے ۔ معیشت کی ترقی کے لئے کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ فکسڈٹیکس ،شناختی کارڈ سمیت دیگرمعاملات پر حکومت کو بڑے دل کامظاہرہ کرنا ہوگا تبھی ان کا حل نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تاجر شدید مشکلات کا شکار ہیں لیکن اس کے باوجود مختلف ٹیکسز کی ادائیگی جاری ہے ۔تاجر اپنے موقف پر متحد ہیں اور مسلسل رابطوں میں ہیں اورآئندہ کسی بھی قدم کا اعلان باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔