شمالی وزیرستان (آن لائن) شمالی وزیرستان میں ضلعی انتظامیہ نے غیر مقامی افراد کے داخلہ پر پابندی لگا دی۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر کی سفارش پر ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر کے غیر مقامی افراد کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے غیر مقامی افراد کو امن و امان کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ضلعی انتطامیہ کے مطابق غیر مقامی سرکاری ملازمین اور مزدور اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جبکہ خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے
خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ دو ماہ قبل 10 جون کو بھی شمالی وزیرستان میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی جس میں غیر مقامی افراد کے داخلے کو ممنوع قرار دیا تھا جبکہ سیاسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد تھی۔ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔اس سے قبل بھی حالات کے پیش نظر شمالی وزیرستان میں اس طرح کی پابندی عائد کی جاتی رہی ہے۔