لاہور(این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھیجتے یوسف عباس کی طلبی کے حوالے سے سوالنامہ تیار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق یوسف عباس شریف چوہدری شوگرمل میں 1995سے شیئرز ہولڈر ہیں۔سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ 1995سے لیکر اب تک چوہدری شوگر مل کے کے کتنے شیئرزہولڈرز تھے اورانکے شیئرز کتنے تھے۔چوہدری شوگر مل نے اب تک کتنی شوگر برآمد کی،برآمدگی کی مد میں موصول ہونے والی
رقم کون سے طریق کار سے وصول کی گئی۔جن بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم موصول ہوئی ان اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی فراہم کی جائے۔سوالنامے میں شمیم شوگر مل میں سرمایہ کاری اور قرض کے حوالے سے بھی استفسار کیا گیا ہے۔ٹی ٹی کی صورت میں موصول یا بھیجی جانے والی رقوم اورمختلف کمپنیوں کو دئیے جانے والے قرض کی مکمل تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔یاد رہے کہ نیب نے یوسف عباس شریف کو آج 23 جولائی کو طلب کر رکھا ہے۔