اسلام آباد(نیوزڈیسک) کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ رکاوٹوں کے باوجود میٹرو بس منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا گیا، منصوبے میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا، میٹرو بس منصوبے میں تاخیر کے باوجود منصوبے پر اضافی لاگت نہیں آنے دی گئی، میٹرو بس منصوبہ پونے 45 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا جس میں 5ارب روپے کی لاگت سے پشاور موڑ انٹرچینج کی تعمیر بھی شامل ہے۔ جمعرات کو جناح کنونشن سنٹر میں میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب میں بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے 23مئی2014ءکو راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا، منصوبے کو رکاوٹوں کے باوجود 14 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے، میٹرو بس منصوبے سے جڑواں شہروں سے ایک لاکھ 35ہزار شہری روزانہ باکفایت سفر کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، ابتدائی طور پر منصوبے کا آغاز 68بسوں سے کیا گیا ہے، ایک میٹرو بس میں 150مسافروں کی گنجائش ہے، میٹرو بس کے راولپنڈی میں 10اور اسلام آباد میں 14اسٹیشنز موجود ہیں ، منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو باکفایت اورباوقار سفری سہولیات میسر آئیں گی، راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ 23کلومیٹر طویل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا، میٹرو بس منصوبے میں تاخیر کے باوجود منصوبے پر اضافی لاگت نہیں آنے دی گئی، میٹرو بس منصوبہ پونے 45 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا جس میں 5ارب روپے کی لاگت سے پشاور موڑ انٹرچینج کی تعمیر بھی شامل ہے، مقررہ لاگت میں 2ارب کے اضافی تعمیراتی کام بھی کئے گئے ہیں۔