اسلام آباد(آن لائن)معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ڈوبتی سیاست کا الزام اداروں کو نہیں بلکہ ابا جی اور پھوپھو کی کرپشن پر ڈالیں ۔ پھر سے سندھ کی عوام چوپٹ راج کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ گھوٹکی کے ضمنی انتخابات میں شکست اور خوف بلاول بھٹو کی چیخ و پکار میں نظر آ رہا ہے ۔ گھوٹکی ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کو
شکست نظر آئی تو فاؤل پلے شروع کر دیا اور پھر سے دھاندلی کا شور مچا کر بیوقوف بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر آپ الیکشن جیت جاتے تو پھر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوتے لیکن اب اگر الیکشن ہار گئے تو وہ دھاندلی ہو جاتی ہے ۔ یہ سیاسی منافقت نہیں تو اور کیا ہے ؟ حکومت آپ کی اور آپ کے امیدوار پولیس پروٹوکول میں مہم چلائیں اور آپ رات کے اندھیرے میں پریس کانفرنس کر کے چور مچائے شور والا شوروغل کریں ۔