اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کسی مقدمے اور الزام کے بغیر رانا ثناء اللہ کی گرفتاری لاقانونیت اور سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے حکم پر اداروں کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کی ایک اور گھناونی
مثال آج قائم کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ کبھی نیب، کبھی نیب ٹو اور کبھی اے این ایف کو سیاسی مخالفین کو گرفتار کرنے اور دباو میں لانے کے لئے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ رانا ثناء اللہ کو فوری طور پر مجاز عدالت میں پیش کیا جائے اور بتایا جائے کہ ان پر کیا الزام ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری میں عمران خان کا ذاتی عناد کھل کر سامنے آگیا ہے۔