گوجر خان (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کٹھ پتلی حکومت ہے،عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے،نہ ترین کا پیسہ نہ کسی کاتعویز بچا سکے گا، عمران نیازی اتنا ظلم کرو جتنا برداشت کر سکوں،بھاگنے نہیں دوں گا،عوام سے کیے گئے ایک ایک ظلم کا حساب لوں گا،حکومت نے صرف گیارہ ماہ میں عوام کو دن میں تارے دیکھا دئیے،،عوام فاقہ کشیوں اور خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں،
آدمی کا جینا مشکل ہوگیا ہے،ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو کے وعدے پورے کرونگا، کبھی ہار نہیں مانو گا۔ہفتہ کو ملک میں مہنگائی کیخلاف شروع کی گئی عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں گوجر خان میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پوٹھوہار سے پاکستان پیپلز پارٹی کا گہرا رشتہ ہے اسی لیے اپنی رابطہ مہم پوٹھوہار سے شروع کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آٹی کے حکومت کے ناقص پالیسوں اور عوام دشمن پالیسوں نے لوگوں کا جینا مشکل کر دیا،صرف گیارہ ماہ میں ہی عوام حکومت سے عاجز آگئے اور جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکومت کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حالات ایسی طرح چلتے رہے تو بہت جلد ملک میں جنرل الیکشن ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب کے نام پر ڈرامہ کررہی ہے،نیب کے زریعے اپوزیش اور مخالفین کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے اور انہیں اپنی وفاداریاں بدلنے پر مجبور کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا عمران نیازی اتنا ظلم کرو جتنا برداشت کر سکو۔ انہوں کہا کہ ملک میں مہنگائی اتنی زیادہ ہے کہ عوام بے بس ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کا پرانا پاکستان چاہیے،عمران نیازی کا نیا پاکستان نہیں چاہیے۔انہوں کہا کہ موجودہ حکومت کٹھ پتلی حکومت ہے،عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے،نہ ترین کا پیسہ نہ کسی کاتعویز بچا سکے گا۔انہوں کہا کہ حکومت کی طرف سے پیش کیا گیا بجٹ عام دشمن بجٹ ہے،اس کو مسترد کرتے ہیں،اس بجٹ کودھندلی سے پاس کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا میں عمران نیازی کو بھاگنے نہیں دوں گا،عوام سے کیے گئے ایک ایک ظلم کا حساب لوں گا، عوام کا جمِ غفیر اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام پاکستان پیپلز پارٹی سے محبت کرتے ہیں اور اس جماعت کے ساتھ ہیں۔انہوں کہا کہ اس بجٹ سے عوام مزید تنگ اور پریشان ہونگے کیونکہ اب مزید مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔اس موقع پر سابق وزراء اعظم سید یوسف رضا گیلانی،راجہ پرویز اشرف،سید نیئرحسین بخاری،سنیٹر فرحت اللہ بابر،سنیٹر شیری رحمان، سنیٹر خانزادہ خان،سابق وفاقی وزراء قمر زمان کائرہ،سردار سلیم حیدر مہرین،انور راجہ آزاد کشمیر کے ایم ایل اے چوہدری یٰسین خان،زمرد خان، پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور حسین، پولیٹیکل سیکرٹری آصف علی زرداری اور عامر فدا پراچہ سمیت دیگر مرکزی قائدین موجود تھے۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،تقریبا ً 750 کے قریب سیکورٹی اہلکار تعینات تھے اور جنرل بس اسٹینڈ کو گزشتہ رات سے ہی چاروں اطراف سے بند کر دیا گیا تھا تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ نہ بیش آسکے،بلاول بھٹوزرداری کے گوجر خان جلسہ گاہ پہنچنے کا وقت شام 6 بجے کا تھا لیکن وہ جلسہ گاہ میں 9بج کر 10منٹ پر پہنچے اور 9بج کر 38منٹ پر اپنا خطاب شروع کیا۔جلسہ عام سے خطاب کے حوالے سے خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے تھے۔جلسے کا ساونڈ سسٹم، لائٹس، سکرین کا سسٹم ڈی جے بٹ نے سنبھالا۔بلاول بھٹو کے لیے 60 فٹ چوڑے کنٹینر پر اسٹیج بنایا گیا تھا جبکہ ہر کرسی کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کا جھنڈا رکھا گیا۔جلسہ سے سابق وزراء اعظم راجہ پرویز اشرف،یوسف رضا گیلانی،نیئر حسین بخاری، قمر زمان کائرہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔