کراچی(آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے نیب کو سابق صوبائی وزیرداخلہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما سہیل انور سیال کی گرفتاری سے روک دیا۔عدالت نے نیب کو 6 اگست کے لئے نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔سہیل انور سیال نے کرپشن انکوائری میں نیب کی جانب سے ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور عدالت سے نیب کو گرفتاری روکنے اور عبوری ضمانت کی
استدعا کی تھی۔جس پر عدالت نے سابق صوبائی وزیر داخلہ کی عبوری ضمانت کی درخواست دس لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض منظور کرلی۔عدالت نے نیب کو گرفتاری سے روکتے ہوئے سہیل انور سیال کو نیب سے تحقیقات میں تعاون کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ نیب سکھر نے پیپلزپارٹی کے رہنما کوآمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات کیلئے طلب کیا تھا۔