کراچی(این این آئی)پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر ترین اداکارہ ذہین طاہرہ کے صاحبزادے کامران خان نے اپنی والدہ کے انتقال کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی طبیعت میں اب بہتری آئی ہے۔ذہین طاہرہ کو چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے کے بعد کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ذہین طاہرہ کے انتقال کی افواہیں زیر گردش تھیں
جن کی ان کے صاحبزادے کی جانب سے تردید سامنے آگئی ہے۔ذہین طاہرہ کے صاحبزادے کامران خان کا کہنا ہے کہ والدہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور اب ان کی طبیعت میں بہتری آئی ہے، شام تک انہیں وینٹی لیٹر سے بھی ہٹا دیا جائے گا۔کراچی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ذہین طاہرہ نے کئی دہائیوں تک سرکاری ٹیلی ویژن کے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، وہ پی ٹی وی کی تاریخ کی سب سے سینئر اور بزرگ اداکارہ قرار دی جاتی ہیں۔