قاہرہ(آن لائن)افریقہ کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ 2019 میں (آج)ہفتہ کو تین میچ کھیلے جائینگے۔ مصر میں رواں افریقہ کپ آف نیشنز میں شریک ٹیموں کے درمیان ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور شائقین فٹ بال کو دلچسپ اور کانٹے دار
مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ اسی سلسلے میں ٹورنامنٹ میں(آج) ہفتہ کو تین میچ کھیلے جائینگے اور پہلا میچ گروپ اے میں شامل ٹیموں ڈی آر کانگو اور یوگینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔دوسرا میچ گروپ بی کی ٹیموں نائیجیریا اور برونڈی کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ اسی گروپ کی ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ گنی اور مڈغاسکر کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ 19 جولائی تک مصر میں کھیلا جائے گا جس میں 24 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزما ہیں۔ مصر کو گروپ اے میں زمبابوے، یوگینڈ اور ڈی آر کانگو کا چیلنج درپیش ہو گا۔ ایونٹ میں شریک 24 ٹیموں کو چھ مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے میں مصر، کانگو اور زمبابوے۔ گروپ بی میں نائیجیریا، گنی، برونڈی اور مڈغاسکر۔ گروپ سی میں سینیگال، الجیریا، کینیا اور تنزانیا۔ گروپ ڈی میں مراکش، آئیوری کوسٹ، جنوبی افریقہ اور نمیبیا۔ گروپ ای میں تیونس، مالی، موریطانیہ اور انگولا جبکہ گروپ ایف میں دفاعی چیمپئن کیمرون، گھانا، بینن اور گنی بیسو شامل ہیں۔ افتتاحی میچ میں مصر اور زمبابوے کی ٹیمیں 21 جون کو انٹرنیشنل سٹیڈیم قاہرہ میں آمنے سامنے ہوں گی۔