واشنگٹن(این این آئی) اعلیٰ امریکی عہدیدار برائے جنوبی ایشیا نے بھارت میں نو منتخب مودی حکومت پر زور دیا ہے فوری طور پر مذہب کی بنیاد پر ہونے والے تشدد کی مذمت کر کے انتہا پسندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ذیلی کمیٹی برائے امور خارجہ کے اجلاس میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی قائم مقام سیکریٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے بتایا کہ بھارت کو اس بات پر بھی راضی کرنے کی کوشش کی کہ روس سے ایس400 دفاعی میزائیل نظام نہ خریدا جائے۔اجلاس میں
امریکہ اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ ہماری بات چیت میں ہم نے ایک متنوع اور جامع معاشرے کو محفوظ بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملک میں مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔بھارتی آئین میں مذہبی آزادی کے تحفظ کا ذکر کرتے ہوئے ایلس ویلز نے کہا کہ ہم مذہب کی بنیادپر ہونے والے تشدد اور اس میں ملوث افراد کو سزا دینے کیلئے بھارت کے جمہوری طریقے سے منتخب رہنماؤں اور اداروں کی طرف دیکھتے ہیں۔