ریاض (این این آئی)سعودی عرب اور دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والی کمپنی سعودی آرامکو کو 2018ء میں 111ارب 10 کروڑ ڈالر کی خالص آمدن حاصل ہوئی ہے اور یہ خطیر رقم اس کے حصص داران میں تقسیم کی جاسکے گی۔2017ء میں سعودی آرامکو کو 75ارب 90 کروڑ ڈالر کی خالص آمدن ہوئی تھی۔سعودی آرامکو کے ایک بیان کے مطابق 2018ء میں تیل کی قیمتوں میں بہتری کی وجہ سے
کمپنی کی کل آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس کو سال گذشتہ 355ارب 90 کروڑ ڈالر کی مجموعی آمدن حاصل ہوئی تھی۔اس سے گذشتہ سال 2017ء میں اس کی کل آمدن 264 ارب 20 کروڑ ڈالر رہی تھی۔گذشتہ سال کے دوران میں سعودی آرامکو کے کل اثاثوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 2017ء میں ان کا حجم 294 ارب ڈالر تھا اور 2018ء میں اس کے اثاثے بڑھ کر 358 ارب 90 کروڑ ڈالر ہوگئے تھے۔