لاہور( این این آئی )احتساب عدالت نے سابق سینئر وزیر عبد العلیم خان کو آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے کیس کی سماعت کی۔ عبد العلیم خان عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی روانہ ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہ ہوئے ۔نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے عدالت کو بتایا عبد العلیم خان کی آف شور کمپنیوں کا ریکارڈ
منگوانے کے لئے متحدہ عرب امارات کو لیٹر لکھے ہیں،کمپنیوں کا ریکارڈ آتے ہی ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ عبد العلیم خان کی عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب میں موجودگی کی وجہ سے حاضری معافی کی درخواست منظور پیش کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ریفرنس دائر ہونے تک انہیں حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔،عدالت نے آئندہ سماعت پرنیب کو تفتیش کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کررکھی ہے۔