لاہور(این این آئی) احتساب عدالت نے شریف فیملی کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق چینی کو مزید 13روز جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے 3جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ نیب نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر مشتاق چینی کو احتساب عدالت میں پیش کرکے موقف اپنایا کہ 60کروڑ روپے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے گئے جس کی تحقیق کرنی ہے۔ملزم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ مشتاق چینی دل اور شوگر کے عارضہ میں مبتلا ہیں،کمزوری کی وجہ سے کھڑے بھی نہیں ہو سکتے
لہٰذاجسمانی ریمانڈ کی بجائے جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوا دیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جیل میں وہ سہولتیں نہیں ہوں گی جو نیب میں ہیں،یہاں تو اے سی بھی لگے ہوئے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزم کا میڈیکل کروایا ہے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ کوئی منفی رپورٹ نہیں آئی۔ عدالت نے فریقین کے وکلا ء کے دلائل سننے کے بعد مشتاق چینی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو بعد ازاں سنا تے ہوئے ملزم کو 13روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا۔