اسلام آباد(آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی بنیادی ترجیح صرف سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔ عمران خان کے پاس عوام کی مشکلات ختم کرنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ غلط پالیسیوں سے معاشی بحران سونامی بنتا جا رہا ہے۔ اتوار کے روز عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختو نخواہ کے صدر ایمل اسفند یار ولی نے سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی اور خصوصی طور پر خیبر پختو نخواہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے
دوران آصفہ بھٹو زرداری، نیئر بخاری، اور قیوم سومرو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں حکومت کی کرپشن سمیت عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کی بنیادی ترجیح صرف سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔ عمران خان کے پاس عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لئے کوئی پروگرام ہے ہی نہیں ہے۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بحران سونامی بن جائے گا جبکہ مہنگائی اور بے روز گاری میں اضافہ ہو گا۔