لاہور( این این آئی) پاکستان کے لیجنڈ اداکار و کمپیئر معین اختر کی8ویں برسی آج ( پیر) کو منائی گئی ۔24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہونے والے معین اختر نے 16 برس کی عمر میں اسٹیج سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور حاضرین کے دل جیتے۔ 1970 کی دہائی میں پی ٹی وی کے ذریعے
ان کی رسائی ہر گھر تک ہوگئی۔ معین اختر کو جہاں اہم شخصیات کے انداز کی نقالی پر ملکہ حاصل تھا وہیں انہوں نے ٹی وی پر شائقین کو مزاح کے ایک نئے انداز سے بھی روشناس کرایا جو کہ ان ہی کا خاصا تھا۔ ٹی وی پر جہاں انہوں نے انور مقصود اور بشری انصاری کے ساتھ مل کر کئی شاہکار پروگرام پیش کئے وہیں منچلے نوجوان سے لے کر ایک سنکی بوڑھے تک کے جو کردار ادا کئے انہیں دیکھ کر آج بھی ہونٹوں پر ہنسی مچل جاتی ہے۔ ان کے یادگار ڈراموں میں روزی، ہاف پلیٹ، شو ٹائم، اسٹوڈیو ڈھائی، ففٹی ففٹی، آنگن ٹیڑھا، انتظار فرمائیے اور عید ٹرین سمیت دیگر درجنوں ڈرامے شامل ہیں۔ معین اختر کو ان کی ہمہ جہت فنکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت کئی اہم قومی اور بین الاقوامی سطح ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ پاکستان کے لئے فخر کا باعث بننے والا یہ فنکار 22اپریل 2011 کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا لیکن ان کی یادیں آج بھی کروڑوں مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔