سکھر (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ہر گھر میں مہنگائی کا بم پھٹ رہا ہے ، سلسلہ کون روکے گا ؟کابینہ کے تمام وزراء کو 15 ہزار روپے دے کر ایک کوارٹر میں رکھا جائے، پھر دیکھتے ہیں وزراء کیسے گزارا کریں ۔
بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی پر جو بیان دیا وہ بالکل ٹھیک دیا۔رحمان ملک نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہم پر بم ڈالنے کی کوشش کی، ہماری فوج نے ان کو بہتر جواب دیا۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ کابینہ کے تمام وزراء کو 15 ہزار روپے دے کر ایک کوارٹر میں رکھا جائے، پھر دیکھتے ہیں ایک کوارٹر میں 15 ہزار روپے میں یہ وزراء کیسے گزارا کریں گے۔سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ نیب سے ایک ہی مطالبہ کیا ہے کہ برابری کی سطح پر تحقیقات کرے۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے پر وزراء کہتے ہیں کہ انہیں علم نہیں، اب ان کے اندر ہی لڑائی شروع ہو گئی ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ جس دن وہ اقتدار میں آئیں گے 2سو ارب ڈالر آجائیں گے،خان صاحب کی ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں۔