کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترجان مینگل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے لاپتہ افراد کے مسئلے پر چیف آف آرمی سٹاف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے جلد ملاقات کی یقین دہانی کرائی ہم مطالبات کے حل کے لئے کسی سے بھی ملنے کو تیار ہیں۔اگر وفاقی حکومت نے 4 ماہ تک ہماری مطالبات منظور نہیں کئے تو پھر بلوچستان نیشنل پارٹی آئندہ لا ئحہ طے کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔سردار اخترجان مینگل نے کہا کہ وزیر اعظم نے لاپتہ افراد کے مسئلے کے حل کے لئے چیف آف آرمی سٹاف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے جلد ملاقات کروانے کی یقین دہانی کرادی ہے اوربلوچستان نیشنل پارٹی نے مطالبات کی منظوری کے لئے حکومت کو چار ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی ۔صدر، وزیر اعظم، کابینہ ،آرمی چیف ،ڈی جی آئی ایس آئی کوئی بھی ہمارا مسئلہ حل کرے ۔سردار اختر مینگل نے کہا کہ ہم مطالبات کی منظوری کے لئے کسی سے بھی ملنے کو تیار ہیں، وزیر اعظم کو بتایا پانچ ہزار میں سے300لاپتہ بازیاب تو400مزید لاپتہ ہوگئے۔ حکومت ہمیں ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے تو اس کے پاس چار ماہ ہیں،حکومت چار ماہ میں کچھ نہ کچھ پیشرفت کرے، حکومت کوایک سال تک مشروط تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی ،وزیر اعظم نے مذکراتی کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جلد جاری کرنے کاکہا ہے، وزیر اعظم نے حکومت میں شمولیت کا نہیں کہا،وزیر اعظم کو معلوم ہے ہم حمایت کے باوجود کیوں غیر جانبدار بنچوں پر بیٹھے ہیں۔