واشنگٹن(این این آئی)امریکی حکومت کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ واشنگٹن نے شمال مشرقی شام میں ترکی کی فوجی کارروائی کے حوالے سے ترکی سے کوئی بات چیت نہیں کی ہے۔ امریکا نہیں سمجھتا کہ شمال مشرقی شام میں ترک فوج کو ترکی کے دفاع کے لیے کسی قسم کی کارروائی کی ضرورت ہے۔قبل ازیں ترکی کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا تھا کہ شام میں کردوں کے زیرانتظام علاقے میں ترکی کی ممکنہ فوجی کارروائی پر
انقرہ اور واشنگٹن کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس کے جواب میں ایک امریکی عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکا نے ترکی کے ساتھ شمال مشرقی شام میں ترکی کی فوجی کارروائی پر کوئی بات چیت نہیں کی ہے۔امریکی عہدیدار کا کہنا تھاکہ ہم شمال مشرقی شام میں ترکی کے خدشات دور کرنے کے لیے انقرہ کے ساتھ سیف زون کے قیام پر بار بار بات چیت کرچکے ہیں مگر شام میں ترکی کی فوجی کارروائی پر کوئی بات نہیں کی ہے۔