پونے(این این آئی)بھارتی شہر پونے میں شوہر نے پاکستانی ڈراما دیکھنے اوراسے مسلسل نظر انداز کرنے پر اپنی بیوی پر چاقو سے حملہ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پونے کے رہائشی 40 سالہ آصف ستار نایاب نے اپنی بیوی کو پاکستانی ڈراما دیکھنے اور اسے مسلسل نظر انداز کرنے پر چاقو سے حملہ کرکے زخمی کردیا۔نایاب کی بیوی نے اپنے شوہر
کے خلاف ساورگیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف نے اسے قاتلانہ حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آصف کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق پیر کی صبح بیوی نے اپنے بیٹے کو دودھ لینے بھیجا لیکن بچے سے دودھ گرگیا جس پر اس نے بچے کو ڈانٹا بیوی کے چلانے پر شوہر نے بھی بیوی پر چلانا شروع کردیا، تاہم یہ جھگڑا شام کو اس وقت مزید بڑھ گیا جب آصف کام سے گھر واپس آیا اور اس کی بیوی نے اس سے بات کرنا بند کردی۔آصف نے کمرے میں جاکر اپنی بیوی سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن اس کی بیوی اپنے فون پرپاکستانی ڈراما دیکھتی رہی اور اپنے شوہر کو مسلسل نظر انداز کرتی رہی۔ جب آصف کو احساس ہوا کہ اس کی بیوی پاکستانی ڈرامے کو اس سے زیادہ اہمیت دے رہی ہے اور اسے مسلسل نظر انداز کررہی ہے تو اس نے اپنی بیوی پر چاقو سے حملہ کردیا، لیکن خوش قسمتی سے اس کی بیوی اس قاتلانہ حملے میں بچ گئی مگر اس کا دائیں ہاتھ کا انگوٹھا کٹ گیا۔