اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارلحکومت میں بھارتی پاوڈر سے بڑے پیمانے پر مضر صحت دودھ بنانے کا انکشاف ہوا ،ضلعی انتظامیہ نے انڈین پاوڈر سے دودھ بنانے والی کئی فیکٹریاں سیل کر دیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد عثمان کے مطابق چھاپوں کے دوران 1400 سو کلو انڈین پاوڈر برآمد کر لیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے بتایاکہ بھارتی مضر صحت پاوڈر سے 60 ہزار لیٹر دودھ
بنایا جانا تھا۔ فوڈ ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چھاپوں کے دوران کئی فیکٹریاں سیل کیں۔کیمیکل اور پاوڈر سے بنا 20 ہزار لیٹر جعلی دودھ تلف کر دیا گیا ۔ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد عثمان اور اسسٹنٹ کمشنر سعد بن اسد کر رہے تھے ۔آپریشن چیف کمشنر عامر علی احمد اور ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کے احکامات پر کیا گیا۔