اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سیکریٹری نجکاری رضوان ملک کا کہنا ہے کہ سنہ 1991 سے 2018 تک 172 اداروں کی 649 ارب روپے میں نجکاری کی گئی، پاکستان اسٹیل بند ہونے سے ماہانہ 40 کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری نجکاری رضوان ملک نے کمیٹی کو نجکاری پروگرام پر بریفنگ دی۔
سیکریٹری نجکاری نے بریفنگ میں بتایا کہ سنہ 1991 سے 2018 تک 172 اداروں کی نجکاری کی گئی، یہ ادارے 649 ارب روپے میں فروخت کیے گئے، لیگی حکومت کے 5 سال میں 5 اداروں کی نجکاری کی گئی۔ رضوان ملک نے بتایا کہ یہ 5 ادارے 173 ارب روپے میں فروخت کیے گئے، پیپلز پارٹی کے دور سنہ 2008 سے 2013 تک ایک ادارے کی نجکاری ہوئی۔ بریفنگ کے مطابق ق لیگ کے دور میں 38 اداروں کی نجکاری کی گئی، 38 اداروں کی نجکاری 377 ارب روپے میں کی گئی۔ رضوان ملک کے مطابق سنہ 1999 سے 2002 کے غیر سیاسی دور میں 27 اداروں کی نجکاری کی گئی۔ 27 اداروں کی 38 ارب 70 کروڑ روپے میں نجکاری کی گئی۔ سیکریٹری نجکاری نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اسٹیل کی خریداری پر 5 سے 6 پارٹیز سے بات چل رہی ہے، کمپنیز کا تعلق چین اور روس سے ہے۔ نئے سرمایہ کار پاکستان اسٹیل کو 35 لاکھ تک لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر فروخت کیا جائے گا، پاکستان اسٹیل بند ہونے سے ماہانہ 40 کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے۔