لاہور(این این آئی) پاکستان ریلوے نے گرین لائن اور جناح ایکسپریس کے کچن پورشنز اور اضافی ( کمپلیمنٹری )خدمات کیلئے قومی اور انٹر نیشنل فرموں ،ہوٹلوں ، فوڈ چین اور ریسٹورنٹس سے پیشکشیں طلب کرلیں ۔کامیاب پیشکش دہندہ مذکورہ ٹرینوں میں ناشتہ،لنچ ،ڈنر ، سویٹ ڈش ، یوٹیلٹی پیک،انسیکٹی سائیڈ اور ائیر فریشنگ ، شام کی چائے مع سنیکس، واٹر ڈسپنسر،جینیٹو ریل سروسز اور اسٹینڈرڈ بیڈنگ کی
سہولیات دینے کی پابندہوں گی۔ ٹینڈر شرائط کے مطابق کامیاب پیشکش دہندہ مسافروں سے درج بالا خدمات کے عوض کسی بھی قسم کا معاوضہ طلب نہیں کریں گی بلکہ پاکستان ریلوے کامیاب کیٹرز کو مسافروں کیلئے ان خدمات کے عوض ماہانہ بنیادوں پر ادائیگی کرے گا۔ ٹینڈرجمع کرانے کی آخری تاریخ 15مارچ مقررکی گئی ہے جبکہ ٹینڈراسی روز ریلوے ہیڈ کوارٹرکمیٹی روم نمبر 2 میں کھولے جائیں گے۔