قیمتی موتیوں کے لیے غوطہ خوری ایک قدیم روایت کے ساتھ ساتھ جدید صنعتی دور میں بھی بے تحاشہ دولت کمانے کا ایک اہم ذریعہ رہی ہے۔ قطر میں آج بھی موتی تلاش کرنے کی روایت کو زندہ رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔
جان جوکھوں میں ڈال کر بیش بہا قیمتی موتیوں اور پتھروں کی تلاش میں مہینوں خلیجی پانیوں میں سرگرداں رہنا کسی زمانے میں قطری باشندوں کے کمائی کے اہم ترین ذرائع میں سے ایک تھا۔ صنعتی ترقی، تیل اور گیس کی دریافت کے بعد قطر میں دولت حاصل کرنے کے ذرائع تبدیل ہو گئے۔ وقت کے ساتھ ساتھ قطر میں غوطہ خوری اور موتیوں سے دولت کمانے پر انحصار بھی بہت کم ہوتا گیا۔ اب قطر میں اس قدیم روایت کو زندہ رکھنے کے لیے ’ موتیوں کے لیے غوطہ خوری‘ کو باقاعدہ ایک اسپورٹس کی شکل دے دی گئی۔




















































