اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر اسلام آباد کو خیرمقدمی بینروں سے سجایا گیا اور اس کے علاوہ ہر طرف پاکستانی اور سعودی عرب کے پرچم لہراتے ہوئے نظر آئے، وزیراعظم ہاؤس میں خوبصورت لائٹس لگائی گئی ہیں اس کے علاوہ وہاں پر پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے علاقائی ثقافتی وفد موجود ہیں جنہوں نے معزز مہمانوں کا استقبال اپنی علاقائی روایات کے مطابق کیا، ائیرپورٹ سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی
گاڑی وزیراعظم پاکستان عمران خان ڈرائیو کی اور وہ انہیں لے کر وزیراعظم ہاؤس پہنچے، وزیراعظم پہنچنے پر سعودی ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیاگیا، دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو کابینہ اراکین کا تعارف کرایا۔ ولی عہد نے وزیراعظم ہاؤس میں یادگاری پودا بھی لگایا۔ اس کے بعد سعودی ولی عہد کو ایوان وزیراعظم لے جایا گیا جہاں ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی اور عشائیہ پیش کیاگیا۔