غزہ (این این آئی) حماس نے کہا ہے کہ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں منعقد کی جانیوالی نام نہاد مشرق وسطیٰ امن کانفرنس صہیونی ریاست کے مفاد کیلئے بلائی گئی تھی۔حماس ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی مل کر قضیہ فلسطین کو کم زور اور اسرائیل کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولینڈ میں منعقد کی جانے والی عالمی کانفرنس کا مقصد اسرائیلی دشمن کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔حماس ترجمان نے
کہا کہ وارسا کانفرنس میں ایران کو دنیا کے لیے سب سے بڑے خطرے کے طورپر پیش کیا گیا مگر حقیقی خطرہ اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کو تحفظ دینے اور ایران کا تعاقب کرنے سے خطے میں مزید انتشار پیدا ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ وارسا کانفرنس کے ذریعے دنیا کو حقیقی خطرے کے حوالے سے گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کرتے ہوئے صہیونی ریاست کو تحفظ دلانے کی کوشش کی گئی تھی۔