کوہاٹ(این این آئی) کوہاٹ کے نواحی علاقے سورگل میں ٹرانسفارمر پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعہ نے قیامت صغریٰ کا منظر پیش کردیا اور ٹرانسفارمر میں آگ بھڑک اْٹھنے سے ہائی وولٹیج کی تاریں ٹوٹ کرگرنے سے متعدد گھروں میں شارٹ سرکٹ کے باعث کرنٹ اور آگ لگنے کے سبب دوخواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق اوردو خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔
جبکہ آگ کے باعث متعدد گھروں کو شدید نقصان پہنچا ۔پولیس سٹیشن جرما کے مطابق یہ المناک واقعہ جمعرات کی علی الصبح تقریباً چھ بجے انڈس ہائی وے پر واقع نواحی علاقے سورگل میںپیش آیا جہاں ٹرانسفارمر پرآسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ٹرانسفارمر میں آگ بھڑ اًٹھی اورہائی وولٹیج کی تاریں متعدد گھروں پر گرگئیںور اس میں شارٹ سرکٹ کے باعث کرنٹ اور آگ لگنے کی وجہ سے دوخواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دوخواتین زخمی ہوگئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد ‘ مقامی پولیس اورریسکیو1122 کا عملہ فوری طورپر جائے وقوعہ پہنچا جہاں امدادی کاروائیاں شروع کرکے تمام افراد کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ پہنچادیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں گل نواز‘ آیازگل ‘ طارق اوردوخواتین مسماۃ شمشیدہ بی بی اور فرزانہ شامل ہیں جبکہ زخمی خواتین میں فریدہ بی بی اور نوربی بی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ٹرانسفارمر پر آسمانی بجلی گرکرہائی وولٹیج کی لائنیں گرنے سے شارٹ سرکٹ کے باعث متعدد گھروں میں آگ بھی لگ گئی جس کی وجہ سے کافی نقصان ہوا۔واقعہ کے بارے میں فوری طورپر مزید معلومات حاصل نہ ہوسکیں۔