کراچی(این این آئی)رواں برس کے پہلے ماہ جنوری کے دوران ملک بھر میں ڈیزل کی در آمد میں 72فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا جبکہ پٹرول کے سوا دیگر پٹرولیم مصنوعات کی در آمد میں بھی اضافہ رہا۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق جنوری کے دوران ڈیزل کی در آمد72فیصد اضافے سے 3لاکھ24ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی جبکہ دسمبر2018میں ڈیزل کی در آمد 1 لاکھ 88 ہزار ٹن سے زائد رہی تھی۔
ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے میں طلب بڑھنے کے بعد ڈیزل کی در آمد میں اضافہ دیکھا گیا ،جنوری میں پٹرول کی در آمدمیں14فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور 4لاکھ24ہزار ٹن سے زائد پٹرول در آمد کیا گیا جبکہ دسمبر میں پٹرول کی در آمد4لاکھ94ہزار ٹن سے زائد رہی تھی ،طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن جیٹ فیول ون کی در آمد گزشتہ ماہ 8فیصد اضافے سے 11ہزار ٹن رہی جبکہ دسمبر میں10ہزار ٹن جیٹ فیول در آمد کیا گیا تھا ،خام تیل کی در آمد جنوری میں5فیصد کے اضافے سے 5لاکھ93ہزار ٹن سے زائد رہی جبکہ دسمبر میں5لاکھ67ہزار ٹن کے لگ بھگ خام تیل در آمد کیا گیا تھا جس میں سے 1لاکھ34ہزار ٹن خام تیل بائیکو کی سنگل پوائنٹ مورنگ پر در آمد کیا گیا ،حکومت کی جانب سے پابندی کے بعد جنوری میں بھی فرنس آئل در آمد نہیں کیا گیا جبکہ دسمبر2018کے دوران بھی فرنس آئل در آمد نہیں کیا گیا تھا ،بجلی کی پیداوار کیلئے حکومت کی پہلے ترجیح ایل این جی ہے جبکہ مقامی ریفائنریوں کا تیا رکردہ فرنس آئل ہی پاور سیکٹر کو فراہم کیا جارہا ہے۔