لاہور( این این آئی)پاکستان انٹرپرنیورزفورم کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی بحالی اور سیاسی استحکام ،سی پیک منصوبہ، گوادر بندر گاہ کے فعال ہونے سے دنیابھر کے سرمایہ کارپاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں ،چین کے بعد دوست اسلامی ممالک کی
پاکستان میں سرمایہ کاری سے ملک معاشی طور پر مستحکم ہوگا ۔پی آئی ایف کے وائس چیئرمین عاطف امین ، سیکرٹری جنرل شیخ جنید اور سیکرٹری اطلاعات زاہد بخاری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہسعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، قطر اور دیگر ممالک نے سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کار خ کرلیا ہے جس سے اقتصادی لحاظ سے ملک بہتر دور میں داخل ہوجائے گا ۔گزشتہدو سالوں میں پانامہ لیکس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ملکی سیاست میں بھونچال آگیا تھا جس کی وجہ سے ملکی سیاسی افق پر بے یقینی کے بادل دو سال تک چھائے رہے جس کے باعث ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہوئی۔حکومت کی مضبوط معاشی پالیسیوں سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا ۔سعودی عرب اوریو اے ای نے پاکستان کو نہ صرف معاشی مشکلات کے خاتمے کیلئے امدادی پیکیج دیئے بلکہ دونوں ممالک پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے بھی خواہشمند ہیں۔ ملک میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری کے باعث ایک امریکی کمپنی پاکستانی سمندر میں تیل نکالنے کیلئے ڈرلنگ کررہی ہے جبکہ روسی کمپنی پاکستان میں10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔