اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ نے از خود نوٹس کے فیصلوں پر نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا حق دینے کی درخواست مسترد کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کو اپنے رولز میں ترمیم کرکے ازخود نوٹس فیصلوں میں اپیل کا حق دینے کی تجویزدی گئی تھی تاہم عدالت عظمیٰ نے درخواست مسترد کردی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اپیل کا حق نہ دینے کا فیصلہ فل کورٹ اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا۔
صدر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن امان کنرانی نے کہا کہ از خود نوٹس فیصلوں کے خلاف اپیل کا حق نہیں اور از خود فیصلوں کے خلاف نظرثانی کی درخواست کا دائرہ محدود ہوتا ہے اس لئے عدالتِ عظمیٰ کو اپیل کا حق دینے کی تجویز دی تھی۔ سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس فیصلوں میں اپیل کا حق دینے سے انکار کرتے ہوئے ازخود نوٹس کا اختیار آئین کے مطابق استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔