اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب میں رواں مالی سال کماد کی کاشت کیلئے 18لاکھ 53ہزار ایکڑ رقبہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ جس سے 621.85من فی ایکڑ اوسط پیداوار کے حساب سے کل 4کروڑ 30لاکھ ٹن گنے کی پیداوار حاصل کی جائے گی جبکہ سال 2013-14ءمیں 18لاکھ 10ہزار ایکڑ رقبہ پر کماد کی کاشت سے 4کروڑ 10لاکھ ٹن پیداوار حاصل ہوئی تھی جسکی اوسط پیداوار 607.12من فی ایکڑ رہی۔ زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ اس وقت صوبہ پنجاب میں گنے کی اوسط پیداوار 614من فی ایکڑ حاصل کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید تحقیق کی روشنی میں کاشتکاری کی جائے تو گنے کی اوسط پیداوار ڈیڑھ گنا تک بڑھائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گنے کی پیداوار میں کمی کی بہت سی وجوہات ہیں جن میں پانی کی کمی ، کھادوں کا غیر متناسب استعمال ، جڑی بوٹیوں کی بہتات اور فصل پر حملہ آور ہونے والے کیڑے وغیرہ شامل ہیں۔