اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں روزانہ ہزاروں بلکہ لاکھوں افراد اپنے پیاروں سے رابطے کے لیے ویڈیو کالنگ اپلیکشن اسکائپ کا استعمال کرتے ہیں۔ مگر انہیں خیال رکھنا پڑتا ہے کہ ان کے پیچھے کا منظر شرمندہ کردینے والا نہ ہو مگر اب اس کی ضرورت نہیں رہے گی۔
درحقیقت مائیکرو سافٹ نے ویڈیو کالنگ سروس میں پس منظر دھندلانے کا فیچر متعارف کرادیا ہے۔ اسکائپ کی جانب سے ایک بلاگ میں اعلان کیا گیا کہ رائٹ کلک یا اسکائپ سیٹنگ کے ذریعے آپ اپنے پس منظر کو فوری طور پر دھندلا کرسکتے ہیں اور بس آپ ہی دوسری جانب واضح طور پر نظر آئیں گے۔ یہ فیچر بالکل ویسا ہی ہے جیسا اس کمپنی نے گزشتہ سال مائیکرو سافٹ ٹیمز میں متعارف کرایا تھا اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ کافی کارآمد بھی ہے۔ جیسے اسکائپ پر بات چیت کے دوران ارگرد لوگ گھوم رہے ہوں تو اس کا استعمال دوسروں کو آپ کے ماحول سے بے خبر رکھے گا۔ اس فیچر کے لیے کمپنی کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا جسے انسانوں کی شناخت کی تربیت دی گئی جو آپ کے بال، ہاتھ اور بازو شناخت کرسکتا ہے تاکہ ان پر فوکس رکھ سکے۔ مائیکرو سافٹ کے مطابق یہ فیچر اس وقت ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ تاہم فی الحال موبائل فون صارفین کے لیے اسے متعارف کرانے کے حوالے سے کمپنی نے کوئی اعلان نہیں کیا۔