لاہور(این این آئی) پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن و سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ لاہور خادم حسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے نئے کاروبار کیلئے لون سپورٹ پروگرام سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو
اپنا کاروبار شروع کرنے میں آسانیاں پیدا ہونگے اور صوبہ بھر میں نئے کاروبار اور انڈسٹریز کے قیام سے روزگار کے لاکھوں مواقع فراہم ہونگے اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار بھی دستیاب ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ ایک کروڑ روپے تک کے قرضہ پر مارک اپ پر پنجاب حکومت کی طرف سے ساڑھے3فیصد حصہ ڈالنے سے کاروبار کے لیے قرض لینے والوں کو ریلیف ملے گا اور کاروبار برادری کو سپورٹ ملے گی۔اور حکومت پنجاب بینک مارک اپ میں اپنا حصہ ڈالے گی انہوں نے کریڈٹ گارنٹی پروگرام کی منظوری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اب جو افراد کاروبار کے لیے گارنٹی نہیں دے سکتے ان کی80فیصد پر گارنٹی حکومت دے گی۔اس سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔پنجاب حکومت کا لون سپورٹ پروگرام خوشحال پنجاب کا آغاز ثابت ہوگا جس سے صوبہ خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔