لاہور( این این آئی) لاہور چیمبر کے سابق صدر ،پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین پرویز حنیف کو کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا چیئر پرسن مقرر کر دیا گیا ۔گفتگو کرتے ہوئے پرویز حنیف نے کہا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے امور میں مزید بہتری لانے کیلئے طویل المدت پالیسی تشکیل دی جائے گی ۔مارکیٹ ٹرینڈ کے مطابق جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹریننگ پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں مارکیٹنگ کے حوالے سے بھی
تربیت دیں گے جس سے کارپٹ انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ پرویز حنیف نے کہا کہ ہم نے ویلیو ایڈڈ انڈسٹری کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اور اس کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید ڈیزائن اور معیار کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کی مانگ ہے اور کوشش ہو گی کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اس انڈسٹری کی ترقی میں مزید کردار ادا کرے ۔پرویز حنیف نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں حکومت کی معاونت اور سرپرستی کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔