کراچی(این این آئی)حکومت کی طرف سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر بھی شروع نہ ہو سکی، الٹا معمول کی تعمیراتی سرگرمیاں بھی کم ہو گئیں،نئے سال کے پہلے ماہ کے دوران ملک میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 16فیصد کم ہو گئی۔
سیمنٹ مینوفیکچرزایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق نئے سال کے پہلے ماہ کے دوران مقامی طور پر سیمنٹ کی مجموعی کھپت 31 لاکھ 39 ہزار ٹن رہی، جو گزشتہ سال جنوری سے 5 لاکھ 98 ہزار ٹن کم ہے، شمالی علاقوں میں موسم کی شدت کی وجہ سے بھی سیمنٹ کی فروخت میں زیادہ کمی دیکھی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ملکی سطح پر فروخت میں کمی کے باعث سیمنٹ فیکٹریوں کی طرف سے سیمنٹ کی برآمدات بڑھ گئیں۔ جنوری کے دوران 5 لاکھ 60 ہزار ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا جو گزشتہ سال سے 2 لاکھ 11 ہزار ٹن زیادہ ہے تاہم برآمد میں 60 فیصد اضافے کے باوجود جنوری کے دوران ملک میں مجموعی طور پر بھی سیمنٹ کی فروخت گزشتہ سال سے سے 9 فیصد اور گزشتہ ماہ دسمبر سے 4 فیصد کم ہی رہی، مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران مجموعی طور پر سیمنٹ کی ملکی کھپت 2 کروڑ 26 لاکھ 96 ہزار ٹن رہی، جو گزشتہ سال اس عرصے سے 3 فیصد کم ہے۔